06 جون ، 2015
کراچی ........کراچی کی مقامی عدالت نے سانحہ بلدیہ ٹاون فیکٹری کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔ عدالت نے نئے تفتیشی افسر کو اگلی سماعت پر جے آئی ٹی میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیدیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ساوتھ کی عدالت میں سانحہ بلدیہ ٹاون فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی۔عدالت میں بلدیہ ٹاون فیکٹری کے3 ملازمین فضل احمد، ارشد محمود اور محمد علی کو پیش کیا گیا لیکن کیس میں سرکار کی طرف سے پبلک پروسیکیوٹرآج بھی پیش نہیں ہوئے،کیس میں اب تک پبلک پروسیکیوٹرتعینات نہ کیے جانے پر عدالت کا کہنا تھا کہ کیس میں سرکاری وکیل کی تعیناتی کیلئے عدالت کی جانب سے خط لکھا جا چکا ہے۔آئندہ سماعت پربھی اگر پروسیکوٹر تعینات نہیں ہوا تو یاد دہانی کا خط لکھا جائیگا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 4 جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے نئے تفتیشی افسر ایس پی ساجد سدوزئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرجے آئی ٹی میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کرنے کا حکم دیدیا۔