07 جون ، 2015
جامشورو .......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ارکان عبدالحسیب اور عظیم فاروقی نے سندھ کے ممتاز صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کے 763ویں عرس کے موقع پر درگاہ سیہون شریف پر حاضری دی اورقائدتحریک الطا ف حسین کی جانب سے چادر چڑھائی ۔رابطہ کمیٹی کے ساتھ سندھ تنظیمی کمیٹی کے انچار ج عمر قریشی و اراکین اسلم شیخ ، خالد بگھیو ، حیدرآباد زونل کمیٹی کے انچارج نوید شمسی ، جامشورو زونل کمیٹی کے انچارج و جوائنٹ انچارج ایوب خان ،عبدالرشید خان و دیگر اراکین کے علاوہ حق پرست رکن سندھ اسمبلی صابر قائم خانی بھی ہمراہ تھے ۔بعد ازاں ارکان رابطہ کمیٹی عبدالحسیب اور عظیم فاروقی نے حضرت لعل شہباز قلندر کے مزار کے باہر خدمت خلق فاؤنڈیشن اور ایم کیو ایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کی جانب سے قائم کیئے گئے فری میڈیکل کیمپ کا دورہ بھی کیا ۔ کیمپ میں موجود ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے علاوہ کارکنان نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو فری میڈیکل کیمپ کے ذریعے زائرین کی علاج و معالجے کے سہولیات کے حوالے سے آگاہ کیا ، شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے زائرین بخار ،دست ، قے ،اسہال ، ڈائریااور دیگربیماریوں کا شکار ہوکر میڈیکل کیمپ میں آرہے ہیں، انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو کے کے ایف کے ایمبولینس سروس کے ذریعے تعلقہ اسپتال پہنچایا جارہا ہے ۔ کیمپ سے زائرین کو مسلسل ٹھنڈے منرل واٹر کی بوتل فراہم کی جارہی ہے ۔ آخر میں رابطہ کمیٹی کے ارکان نے فری میڈیکل کیمپ میں طبی خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرز ااورپیرا میڈیکل اسٹاف کو الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین و شاباش دی ۔