15 مارچ ، 2025
بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو انتہاپسندوں کی شرپسندی کے خدشے کے باعث ہولی کے تہوار پر حساس علاقوں کی مساجد اور مزارات کو ترپالوں سے ڈھانپ دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک کے دوران جمعے کے روز ہولی کا تہوار آنے پر ہندو مسلم کشیدگی کے خدشات پر ضلع شاہجہاں پور میں 75 سے زائد مساجد اور مزارات کو ترپالوں سسے ڈھک دیا گیا۔
ہولی تقریبات کی وجہ سے سنبھل کی شاہی جامع مسجد سمیت ریاست کی کئی مساجد میں نماز جمعہ کا وقت بھی تبدیل کردیا گیا۔
جمعہ کے روز ضلع سنبھل سمیت دیگر حساس علاقوں میں بڑی تعداد میں پولیس کی نفری تعینات رہی، سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے۔
مقامی انتظامیہ نے مسلمان شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت بھی جاری کی تھی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ریاستی وزیراعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ اور اتر پردیش کے قصبے سنبھل کے پولیس افسران نے مسلمانوں کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات بھی دیے اور جمعے کی نماز گھروں پر پڑھنے کی ہدایت دیتے ہوئےکہا تھا کہ اگر ہولی کے رنگوں پر اعتراض ہے تو مسجد جانے کی ضرورت نہیں۔
خیال رہےکہ ضلع سنبھل میں کئی ماہ پہلے مسجد کی جگہ مندر کے تنازع پر ہندو مسلم فسادات پر کئی ہفتوں کشیدگی رہی تھی۔