پاکستان
09 جون ، 2015

ڈی ایس پی مجید عباس کےقتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت

ڈی ایس پی مجید عباس کےقتل پر رابطہ کمیٹی کا اظہار مذمت

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں پولیس موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی مجید عباس کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی سخت الفا ظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو افسوسناک قرار دیاہے۔ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شہر میں جاری ٹارگٹ آپریشن کے دوران متعدد پولیس اہلکاروں اور افسران کو نشانہ بنایا جاچکاہے ۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں اور جوانوں کو نشانہ بنا کر نہ صرف شہر کا امن مزید خراب کرنا چاہتے ہیں بلکہ کراچی میں دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کے خلاف جاری ٹارگٹ آپریشن کو بھی ناکام بنانا چاہتے ہیں۔رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے ڈی ایس پی مجید عباس کے سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار اور دعا کی ۔انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں پولیس افسران اور ہلکاروں کی تواتر کے ساتھ جاری ٹارگٹ کلنگ کا فوری نوٹس لیکر شہر میں کالعدم تنظیموں ، انتہاء پسند جماعتوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف فوری کارروائی کریں تاکہ شہر میں دیر پا امن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔دریں اثنا جئے سندھ قومی محاذکے تین رکنی وفد نے مرکزی فنانس سیکریٹری محمد اشرف بہلم کی سربراہی میں منگل کو خورشید بیگم سکریٹریٹ عزیزآباد میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین عارف خان ایڈوکیٹ ، عظیم فاروقی اور شبیر احمد قائم خانی سے ملاقات کی ۔ وفد میں جسقم کے مرکزی لیبر انچارج شوکت سانبھل اور محمد جمن حمایتی بھی موجود تھے ۔ وفد کے ارکان نے رابطہ کمیٹی کو13؍ جون 2015کو جسقم کے مرحوم چیئرمین عبدالواحد آریسرکے چہلم کے موقع ہونے والے تعزیتی اجتماع میں شرکت کی دعوت دی ۔ارکان رابطہ کمیٹی نے وفد کے راکان کا خورشید بیگم سیکریٹریٹ آمد پر ان کا خیر مقدم کیا اور دیہی اور شہری تفریق مٹانے کیلئے جسقم کے مرحوم چیئرمین عبدالواحد آریسر کی خدمات کو سراہا ۔ جسقمم کے وفد کے ارکان نے سندھ کے غریب ہاریوں اور غریب و محکوم عوام کیلئے آواز اٹھانے پر متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کیا ۔رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کو چہلم کے موقع پر ہونے والے تعزیتی اجتماع میں ایم کیو ایم کی شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔

مزید خبریں :