09 جون ، 2015
کراچی.......لانڈھی نمبر 2میں واقع لانڈھی میڈیکل کمپلیکس نزد بابر مارکیٹ میںخدمت خلق فائونڈیشن کے زیر انتظام منگل کے روز فارمیسی کا افتتاح کردیا گیا ۔ فارمیسی سے مریضوں کو مارکیٹ سے 15سے 20فیصد رعایتی نرخ پر ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ معذور اور مستحق مریضوں کیلئے مفت ادویات بھی مختص کی گئی ہیں ۔فارمیسی کا افتتاح ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و چیف ٹرسٹی ڈاکٹر نصرت شوکت اور رابطہ کمیٹی کے رکن کنو رنوید جمیل نے کیا ۔ اس سلسلے میں لانڈھی میڈیکل کمپلیکس میں افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میںسینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان سید امین الحق ، ڈاکٹر صغیر احمد ، ارکان سندھ اسمبلی خالد افتخار ، ارشد وہرا ، نشا ط ضیاء قادری ، لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے ایم ایس ڈاکٹر ریاض سمیت شہریوںنے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن رابطہ کمیٹی کنو رنوید جمیل نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے عاری ہر عمل ایسا ہے جیسے روح کے بغیر جسم نامکمل ہوتا ہے،الطاف حسین نے سیاست سے قبل خدمت خلق کمیٹی کے نام سے انسانی خدمت کا آغاز کیا تھا اوریہ انسانی خدمت کا عمل خلوص نیت اور دکھی انسانیت کی بے لوث خدمت کے جذبے کے تحت جاری رکھا گیا جس کے باعث خدمت خلق کمیٹی جو محدود پیمانے پر کام کررہی تھی اسے بعد میں خدمت خلق فائونڈیشن میں تبدیل کردیا گیا اور اب ان کی شاخیں کراچی ، اندرون سندھ سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں غریب ومتوسط طبقے کو سستے علاج و معالجہ کی سہولیات ، مفت ایمبولینس اور میت بس سروسز فراہم کررہی ہیں،خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت نذیر حسین یونیورسٹی اور سن اکیڈمی اسکول کے ذریعے معیاری اور بین الاقوامی طرز کی تعلیم نوجوانوں اور بچوں کو دی جارہی ہے اور انشاء اللہ خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات دنیا بھر میںملک کا نام روشن کریں گے ۔کے کے ایف کے چیف ٹرسٹی اور رکن رابطہ کمیٹی ڈاکٹر نصرت نے کہاکہ ملک کی سیاست میں انسانی خدمت کے عمل کو قائد تحریک الطاف حسین نے متعارف کرایا ، جبکہ نام دیگر نہاد سیاسی مذہبی جماعتیں سیاست برائے سیاست کے فلسفے پر عمل پیرا تھیں اور انسانیت کی خدمت کے عمل سے غافل رہیں ۔ سید امین الحق نے کہا کہ خدمت خلق فائونڈیشن کا فلاحی ادارہ شروع دن سے ہی غریب ومتوسط طبقے کی بلاتفریق عملی خدمت کررہا ہے، جبکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں خدمت خلق فائونڈیشن کے زیر اہتمام مستحقین کیلئے بڑا امدادی پروگرام بھی منعقد کیا جاتا ہے ۔ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ کراچی سےالطا ف حسین نے دکھی انسانیت کی خدمت کے عمل کو شروع کیا۔لانڈھی میڈیکل کمپلیکس کے ایم ایس ڈاکٹر ریاض اور کے ایم ڈی کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر وقار کاظمی نے بھی خطاب کیا حق پرست ارکان سندھ اسمبلی خالد افتخار ، ارشد وہرا اور نشاط ضیاء قادری نے کہا کہ الطاف حسین کا فکر وفلسفہ اورنظریہ دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے۔