15 جون ، 2015
ساؤتھمپٹن.........انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری5ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں کیوی ٹیم نے انگلش ٹیم کو 3وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-2کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان آج کا میچ روز بال، ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا۔ میچ کی تفصیلات کے مطابق کیوی ٹیم نے303رنز کا ہدف 49اوور میں حاصل کرلیا، ٹیم کی جانب سے کین ولیمسن118 اور راس ٹیلر110 نے شاندار سنچریاں اسکور کیں اور تیسری وکٹ پر 206رنز کی ریکارڈ شراکت بھی بنا ڈالی اور انگلش ٹیم کی جانب سے ڈیوڈ ولی3 اور بین اسٹوکس2 وکٹیں حاصل کر سکے۔ اس سے پہلے میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تو2.45اوورز میں 302رنز کے اسکور پر ان کی پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی، ٹیم کی جانب سے کپتان ایون مورگن 71، بین اسٹوکس68 اور جو روٹ 54رنز کے اسکور کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، تاہم کیویز ٹیم کی جانب سے ٹم سائوتھی اور بین وہیلر نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔