16 جون ، 2015
لندن.........برطانوی جریدے اکانومسٹ نے روہنگیا مسلمانوں کو سب سے زیادہ مظلوم قوم قرار دیا ہے ،جریدے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف فوجی حکمران کئی بار آپریشن کرچکے ہیں جن میں لاتعداد افراد کو شہید کردیا گیا، اور ان کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔جان بچانے کے لیے ہزاروں روہنگیا مسلمان ادھر اُدھر بھٹک رہے ہیں ، لاتعداد خاندان پناہ کی تلاش میں مارے مارے پھر رہے ہیں ۔ جو افراد ان مظالم سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں وہ یا تو سمندر کی تند و تیز لہروں کی نذر ہوجاتے ہیں یا پھر انہیں تھائی لینڈ کی فوجی حکومت اور بنگلادیش کی حکومت کی نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔برطانوی تحقیقی ادارے انٹرنیشنل اسٹیٹ کرائم انیشیٹیو نے روہنگیا مسلمانوں کو دنیا کے سب سے زیادہ مظلوم افراد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کے خلاف بڑے منظم انداز میں تشدد روا رکھا جارہا ہے اور ان کی نسلی کشی کی جارہی ہے ۔ادارے کا کہنا ہے کہ روہنگیا مسلمانوں کا وسیع پیمانے پر قتل عام کا خدشہ نظر تو نہیں آتا تاہم اس کے امکان کو رد بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔ ادارے نے کہاہے کہ روہنگیا مسلمانوں پر حملے کرنے والے کسی بھی فرد کو جیل بھیجنا تو دور کی بات ہے،، کسی پر آج تک مقدمہ تک نہیں چلایا گیا۔