17 جون ، 2015
اسلام آباد .......پیپلزپارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نےالزام عائد کیا ہے کہ رینجرز سندھ میں اختیارات سے تجاوز کررہی ہے ، اپیکس کمیٹی کے ذریعے صوبائی حکومت کا کنٹرول لینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ وزیرمملکت بلیغ الرحمان نے جواب دیا کہ ایپکس کمیٹی وزیراعلیٰ کے تحت کام کررہی ہے ، کوئی شکایت ہے تو بتائیں انہیں مایوس نہیں کرینگے ۔ڈی جی رینجرز کی 230 ارب روپے وصولی کی رپورٹ اور رینجرز کی کارروائیوں پر توجہ دلاؤ نوٹس پر بات کرتےہوئے پیپلزپارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ وفاقی حکومت بتائے کہ کیا رینجرز اختیارات سے تجاوز نہیں کررہی ۔وزیر مملکت برائے داخلہ بلیغ الرحمان نے جواب دیا کہ امن وامان صوبائی معاملہ ہے ، کسی نے اختیارات سے تجاوز کیا ہے تو وزیراعلیٰ اس کا نوٹس لے سکتےہیں ، وہ کراچی آپریشن کے کپتان ہیں ۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے خدشہ ظاہر کیا ایپکس کمیٹی کے ذریعے سندھ کا کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔وزیر مملکت نے اس تاثر کو ردرکرتے ہوئے کہا کہ ہٹانا ہوتا تو اس وقت ہٹائی جاتی جب سندھ میں ہر روز پچاس لوگ قتل ہورہے تھے ۔فرحت اللہ بابر نے سوال اٹھایا کہ کہیں موجودہ حالات کا تعلق ہزاروں ایکڑ زمین کا مطالبہ مسترد کرنے سے تو نہیں ۔بلیغ الرحمان نے کہا مسلم لیگ ن کی حکومت ایسی کسی بات کو برادشت نہیں کرسکتی ، واضح سوال کیا جائے تو وہ جواب دے سکتےہیں۔