17 جون ، 2015
کراچی.......دنیا بھر کے ایک ارب سے زائد مسلمان ماہ مقدس کی آمد سے پرجوش اور خوش ہیں، دنیا بھر میں مسلمانوں کی ماہِ رمضان کے لئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔مرحبا مرحبا ماہ رمضاں مرحبا، دنیا بھر کے مسلمان ماہ مقدس کی آمد پر خوش ہیں اور رحمتوں، برکتوں اور بخشش کے اس ماہ کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔حالات کیسے ہی کیوں نہ ہوں لیکن رمضان المبارک کی آمد دنیا کے تمام مسلمانوں میں نئی روح پھونک دیتی ہے، مشرق وسطیٰ کے مسلمان بھی تمام تر کشیدہ حالات کے باوجود جذبہ ایمانی سے سرشار ماہ رمضان کے استقبال میں مشغول ہیں۔ لبنان میں شام سے آنے والے مہاجرین پناہ گزین کیمپوں میں رمضان المبارک کی آمد کی تیاریا ں جوش و جذبے سے کر رہے ہیں ۔فلسطین میں بھی بارشوں سیلاب سے نبرد آزما اورحالت جنگ میں رہنے والے فلسطینی مسلمانوں نے بھی رمضان المبارک کی رونقوں کا استقبال بھرپور خوشیوں کے ساتھ کیا، کہیں دف بجاتے لوگ رمضان کو خوش آمدید کہہ رہے تھے تو کہیں بازاروں میں لوگ اشیائے ضروریہ کی خریداری کررہے ہیں۔ دمشق سمیت شام کے مختلف شہروں میں رمضان کے استقبال کی گہما گہمی رہی لیکن شام میں جاری خانہ جنگی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے کے سبب بازاروں کی رونق میں کمی دیکھی گئی۔ بھارت میں بھی ماہ رمضان کے استقبال کی تیاریاں عروج پر ہیں اور مسلمان بڑی تعداد میں بازاروں میں رمضان کی تیاریاں کرتے نظر آرہے ہیں، دوسری طرف پاک بھارت کی مشترکا سحری کی خصوصی سوغات کھجلہ پھینی کی تیاریاں بھی زور وشور سے جاری ہیں۔