16 جون ، 2025
اسرائیل نے تہران کی فضائی حدود کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے اور ایران کے 100 سے زائد میزائل لانچر تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اسرائیلی ائیر فورس نے ایران کی فضائی حدود پر برتری حاصل کرلی ہے۔
انہوں نےکہاکہ وہ اپنے 2 مرکزی مقاصد جوہری اور میزائل خطرات کے خاتمے کےحصول پرکارفرما ہیں۔ نیتن یاہو نے ایرانی شہریوں کو انخلا کا حکم دیتے ہوئے ایک بار پھر دھمکی دی کہ وہ ایران پر کارروائی کرنے والے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل لانچرز کا ایک تہائی حصہ تباہ کردیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اب تک ایرانی بیلسٹک میزائل لانچرز میں سے 120 سے زائد تباہ کرچکے ہیں جو ایران کی کل میزائل طاقت کا ایک تہائی حصہ ہے۔
بریگیڈیئر جنرل ایفی ڈفرین نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کو ناکام بنانے میں کامیابی حاصل کرنے کا بھی دعویٰ کردیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اتوار کی شب اور پیر کی صبح ایران کی جانب سے 65 بیلسٹک میزائل اور درجنوں ڈرون اسرائیل پر داغے گئے، زیادہ تر میزائل اور ڈرون فضائی دفاعی نظام نے روک لیے تاہم 3 میزائل حملوں میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران شدید حملہ کرنا چاہتا تھا لیکن اسرائیل کی پیشگی کارروائیوں کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہوسکا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فضائیہ کے 50 جنگی طیاروں اور ڈرونز نے ایرانی میزائل ذخائر اور کمانڈ مراکز کو نشانہ بنایا جہاں ایرانی فوج میزائل حملوں کی تیاری کر رہے تھے۔