26 جنوری ، 2012
ڈیووس … وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ اداروں کے استحکام سے ہی جمہوریت پروان چڑھتی ہے، پاکستان میں جمہوریت کو پنپنے کے لئے زیادہ وقت نہیں ملا، پاکستان میں جمہوریت رہتی تو شاید ملکی مسائل اتنے زیادہ گمبھیر نہ ہوتے۔ سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی معاشی فورم میں جمہوریت سے متعلق مباحثے میں گفتگو کرتے ہوئے حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا کوئی مخصوص ماڈل نہیں ہوتا، مربوط اور مضبوط جمہوریت نظام کی تشکیل میں وقت لگتا ہے، دنیا بھر میں لوگوں کی جمہوریت سے امیدیں بڑھتی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیامیں عوام کے اعتمادمیں کمی بہتر جمہوریت سے پوری ہوسکتی ہے، ہمیں جمہوریت کی خامیوں کو دور کرنا ہوگا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر منتخب حکومت کے دور میں عدلیہ پر قدغن لگایا گیا۔ فورم کے میزبان کے سوال ”کیا پاکستان میں عدلیہ ضرورت سے زیادہ آزاد ہے“ کے جواب میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ ایسا ہے بلکہ پاکستان میں منتخب حکومت کے دور میں ادارے اپنی حدود کا تعین کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا ”قومی مفاد“ کے تصور سے آزاد ہے، پاکستان میں آزادی اظہار پر قومی مفاد کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ آزادی اظہار یا عدلیہ کی آزادی نہیں بلکہ غربت ہے، مغربی حکومتوں نے پاکستان اور عرب دنیا میں آمروں کی پشت پناہی کی، جمہوری حکومتوں کو مغرب کی اتنی حمایت حاصل نہیں رہی جتنی آمر کو رہی۔