دنیا
26 جون ، 2015

فرانس :لیون کی فیکٹری پر شدت پسندوں کا حملہ،ایک شخص کا سر قلم

فرانس :لیون کی فیکٹری پر شدت پسندوں کا حملہ،ایک شخص کا سر قلم

پیرس......رضا چوہدری......فرانس کے شہر لیون کے قریب آج صبح ایک فیکٹری پر مبینہ مذہبی شدت پسندوں کے ایک حملے میں ایک شخص کا سر قلم کر دیا گیا جبکہ ایک دوسرا شخص زخمی ہوا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق زخمیوں کی تعداد زیادہ ہی۔ تفصیلات کے مطابق پیرس سے تین سو کلو میٹر دور واقع فضائی مصنوعات بنانےوالی امریکی کمپنی پر کچھ افراد نے حملہ کردیا جس کے دوران کئی چھوٹے دھماکے بھی ہوئے۔ مبینہ حملہ آوروں کی تعداد دو بتائی جارہی ہے اور وہ اسلامی شدت پسند تنظیموں جیسا ایک پرچم بھی اٹھائے ہوئے تھے جو فیکٹری کے قریب سے ملا ہے۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے میں ملوث ہونے کے حوالے سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ موقع سے کئی مشتبہ افراد کو شناختی کاغذات نہ ہونے کے باعث حراست میں لیا گیا ہے جنہوں نے نسدادِ دہشت گردی کے پولیس اہلکاروں سے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ لیون سے ذرائع نے بتایا ہے کہ سرقلم کیے جانے والے شخص کے سر پر ٹیڑھے میڑھے الفاظ میں عربی میں کچھ لکھا ہوا ہے، تاہم اس کی شناخت طاہر نہیں کی جارہی۔ اطلاع ملتے ہی وزیرِ داخلہ بیرنار کیزی نوو جائے وقوع پر پہنچ گئے۔واقعے کے بعد علاقے میں حفاظتی اقدامات سخت کردیے گئے ہیں۔ پیرس میں میگزین کے دفتر پر حملہ اور اس کے بعدایک مارکیٹ میں کچھ افراد کو یرغمال بنائے جانے کے واقعے جس میں 17افراد ہلاک ہوئے تھے ،اس تازہ واقعے کے بعد پیرس میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے، جبکہ شام سے واپس آنے والے کئی افراد کی سخت نگرانی کے باوجود اس قسم کے واقعے سے عوام میں ایک نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :