13 مئی ، 2012
راولپنڈی…پاکستان، افغانستان اور اتحادی افواج کے سہ فریقی کمیشن کا35واں اجلاس راولپنڈی میں ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں پاک افغان سرحد پر ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کے لئے طریقہ کار اور بارڈر کنٹرول اقدامات بارے غور کیا گیا۔سہ فریقی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی جبکہ اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل جان ایلن اور افغان نیشنل آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف ، جنرل شیر محمد کریمی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی کمیشن پاک افغان سرحد پر ہونے والے معاملات اور مختلف مسائل کے حل کے لئے مدد دیتا ہے۔