13 مئی ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دھوراجی بہادر آباد کے علاقے میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے معروف شیخ الحدیث مولانا اسلم شیخوپوری اور مولانامحمد سفرین کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس واردات کو شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کی گھناوٴنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مولانا اسلم شیخوپوری شہید اور مولانامحمد سفرین شہید کے بہیمانہ قتل میں ملوث دہشت گردوں کا کوئی دین و ایمان نہیں ہے اور وہ کھلی بربریت اور دہشت گردی پر ہی یقین رکھتے ہیں اور جہالت کے اندھیروں میں گم ہیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے درمیان فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں اورکسی بھی واقعہ پر صبر وتحمل کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور ماضی کی طرح اپنے اتحاد سے فرقہ وارانہ فسادات کی گھناوٴنی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے مولانا اسلم شیخوپوری شہیداورمولانا محمدسفرین شہید کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور ان کے بلند درجات اور زخمی سیکورٹی گارڈ کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ مولانا اسلم شیخوپوری اور محمدسفرین کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کیاجائے اورشہر میں قتل و غارتگری کے ذریعے فرقہ وارانہ فسادات اور امن و امان خراب کرنے میں ملوث سازشی عناصر کا سخت محاسبہ کیاجائے۔