13 مئی ، 2012
اسلام آباد … ملائیشیا میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کیلئے پاکستان کی 18 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا، سہیل عباس کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ اولمپئن حنیف خان نے ٹیم کا اعلان کیا۔ پنالٹی کارنر کے ماہر سہیل عباس کو ٹیم کا کپتان جبکہ وقاص شریف کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے،دیگر کھلاڑیوں میں عمران شاہ، عمران بٹ، کاشف شاہ، ایم رضوان جونیئر، خالد بھٹی، فرید احمد، شفقت رسول، کاشف محمود، عمر بھٹہ، ایم توثیق، عبدالحسیم خان، ایم رضوان سینئر، ایم زبیر، شبیر احمد، محمد عرفان اور علی شان شامل ہیں۔ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ 24مئی سے 3جون تک ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں کھیلاجائے گا۔ ایونٹ میں پاکستان، ملائیشیا، بھارت، کوریا، ارجنٹائن، برطانیہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی ۔