29 جون ، 2015
کولمبو.......کولمبو ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز 153رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستانی بیٹسمینوں کی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کے باعث پاکستان کو سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شکست کے دہانے پر ہے۔ کولمبو میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میں کرونا رتنے اور وتھارانا نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیسٹ سیریز میں فیصلہ کن برتری کیلئے پاکستان کو 10وکٹیں جبکہ میزبان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کیلئے 153رنز کا آسان ہدف حاصل کرنا ہے۔ بارش یا یاسر شاہ و دیگر بولر کی غیر معمولی بولنگ ہی سری لنکا کو سیریز برابر کرنے سے روک سکتی ہے۔ گذشتہ روز بیٹسمینوں کی غیر ذمہ دارانہ بیٹنگ کے باعث چائے کے وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں329رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، جس کے بعد تیز بارش کی وجہ سے مزید کھیل ممکن نہ ہوسکا اور ہوم ٹیم دوسری اننگز شروع نہ کرسکی۔ پاکستان کے ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں نے باہر جاتی ہوئی گیندوں سے چھیڑ چھاڑ کی اور اسٹروکس کیلئے غلط گیندوں کا انتخاب کیا ۔ تاہم اظہر علی نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور 117رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ آج میچ کے آخری دن بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ تین ٹیسٹ پر مشتمل سیریز میں پاکستان کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے۔پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10وکٹوں سے شکست دی تھی۔