05 جولائی ، 2015
لندن.........لندن میں ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کے ملزموں کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا گیا۔ یہ اقدام منی لانڈرنگ کیس سے متعلق لندن پولیس کی دستاویز کا ایک صفحہ منظر عام پر آنے کے بعد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کیس سے متعلق دستاویز سامنے آنے کے بعد پولیس سرفراز مرچنٹ اور دیگر ملزمان کی حفاظت کے متعلق فکر مند ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اہل کار وسطی لندن میں واقع سرفراز مرچنٹ کے گھر 2 دن میں 3 بار آئے اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سرفراز مرچنٹ کا کہنا تھا کہ انہوں نے پولیس کو تفصیل سے بتا یا کہ دستاویز کس نے اور کیسے پھیلائی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے اہل کاروں نے محمد انور اور طارق میر کے گھروں کا بھی دورہ کیا اور ان کی سیکیورٹی کا جائزہ لیا۔ لندن پولیس نے ایم کیو ایم انٹرنیشل سیکریٹریٹ کا بھی دورہ کیا اور بتایا کہ ایم کیو ایم کے دفتر اور رہنمائوں کے گھروں کے اطراف پولیس کی نفری بڑھا دی گئی ہے۔