08 جولائی ، 2015
کراچی........ملک بھر میں لاکھوں افراد نے مساجد میں اعتکاف شروع کردیا ہے،جہاں رمضان المبارک کی عالم اسلام میں ایک خصوصی اہمیت ہے، وہیں اعتکاف کی رمضان المبارک میں خصوصی اہمیت ہے جس میں معتکفین اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور شب قدر سمیت طاق راتوں کے فضائل بھی سمیٹتے ہیں ۔اعتکاف کی انھیں بابرکت سرگرمیوں کا آغاز بدھ کی شام ملک بھر کی مساجد میں نماز مغرب کی ادائیگی کے ساتھ ہی ہوگیا ،معتکفین اپنا ضروری سامان لے کردس روز کے قیام کے لیے غروب آفتاب سے پہلے مساجد پہنچ گئے۔ اب معتکفین کا رمضان المبارک کے اختتام تک انفرادی اور اجتماعی عبادات کاسلسلہ جاری رہے گا ،عیدالفطر کا چاند نظر آنے پرمعتکفین کے اعتکاف کا یہ عمل مکمل ہوجائے گا اور وہ گھروں کو واپس چلے جائیں گے،تا ہم ان دس دنوں میں معتکف اور اللہ تعالیٰ کے درمیان دنیا کی کوئی تیسری چیز نہ ہوگی۔ان دس دنوں کے لیے مساجد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، معتکف حضرات کی انفردای عبادات اور آرام کے لیے مساجد میں بڑی بڑی چادریں لگا کرچھوٹے چھوٹے عارضی حجرے بنائے گئے ہیں جو باجماعت نماز کے وقت ختم کیے جائیں گے اور پھر بنادیے جائیں گے۔بڑی مساجد میں معتکفین کی تعدادسینکڑوں اور ہزاروں تک ہے، جبکہ چھوٹی مساجد میں آبادی کے تناسب سے معتکفین قیام کررہے ہیں۔کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے مساجد میں معتکفین کی رجسٹریشن کی گئی ہے تاکہ مسجد انتظامیہ اعتکاف میں بیٹھنے والے شخص کے بارے میں مکمل باخبر ہو۔