15 مئی ، 2012
اسلام آباد…قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی چیئرپرسن فوزیہ وہاب نے آئندہ بجٹ میں دس لاکھ روپے رکھنے والے بینک اکاوٴنٹ ہولڈرز اور نئی گاڑیاں خریدنے والوں کی مکمل تفصیلات جمع کرنے کی تجویز دی ہے۔ اسلام آباد میں بجٹ تجویز سے آگاہ کرتے ہوئے فوزیہ وہاب نے جیو نیوز کو بتایاکہ معیشت کا دستاویز کیا جاناضروری ہے۔ معیشت دستاویز ی ہوگی تو ٹیکس چوری میں کمی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے کے لیے نادرا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ ٹیکس اصلاحات کے لیے ضروری ہے کہ پہلے ایف بی آر میں اصلاحات کی جائیں اور اس کی کارکردگی بہتر بنائی جائے۔ فوزیہ وہاب نے کہا کہ 259 مربع گز کا مکان خریداری کے دوسال کے اندر اگر فروخت بھی کیا جائے تو اس کے منافع میں سے 10 فی صد پر ٹیکس ہونا چاہیئے۔ انہوں نے تجویز دی کہ زرعی شعبہ کو بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں لایا جائے۔