16 مئی ، 2012
بیجنگ…چین نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کی دلائی لامہ سے ملاقات پر برطانوی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ہے اور اسے چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ بدھ کو چینی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے نائب وزیر خارجہ سونگ تاؤ نے چین میں برطانوی سفیر سباسٹین ووڈ کو طلب کر کے ڈیوڈ کیمرون سے دلائی لامہ کی ملاقات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس ملاقات کو چین کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی لیڈروں پر یہ بات عیاں ہونی چاہئے کہ اس ملاقات کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔ چینی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات چین کے اندرونی معاملات میں سنگین مداخلت ہے جس سے چین کے مفادات اور چینی عوام کے دلوں کو ٹھیس پہنچی ہے۔ سونگ تاؤ نے برطانیہ پر زور دیا کہ ڈیوڈ کیمرون کی اس ملاقات کی غلطی کو فوری طور پر درست کیا جائے جبکہ اس کے ردعمل میں برطانوی وزراء کا کہنا ہے کہ وہ جس سے بھی ملیں یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کسی سے ملاقات کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اس شخص کے خیالات کی بھی حمایت کر رہے ہیں۔