16 مئی ، 2012
کراچی… کراچی کے علاقے قائد آباد میں ایک ہوٹل پر دستی بم کے حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے توڑپھوڑ شروع کر دی اور گاڑیوں پر پتھر برسائے۔ پولیس کے مطابق قائد آباد میں نیشنل ہائی وے کے پل سے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے دستی بم سے چائے کے ایک ہوٹل کو نشانہ بنایا۔ دستی بم پھٹنے سے قریبی ریسٹورنٹ کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے سے ہوٹلوں اور آس پاس موجود بچے سمیت آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر امن، چھیپا اور ایدھی فاوٴنڈیشن کی ایمبولنسوں کے ذریعے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں لائے جانے کے دوران ایک زخمی ہلاک ہو چکا تھا۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق سات زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے کے مشتعل عوام نے احتجاج شروع کر دیا اور گاڑیوں پر پتھر برسائے۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ شروع کر دی جس سے متعدد افراد کی حالت غیر ہو گئی۔