01 اگست ، 2015
لاہور......لاہورکے بیدیاں روڈ پرایلیٹ ٹریننگ اسکول میں انسداد دہشت گردی فورس کی تیسری پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس کے قیام کےلیے وفاق سے فنڈز نہیں لیے۔ انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں کی تیسری پاسنگ آؤٹ پریڈ میں جوانوں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کا عزم کیا ۔اس موقع پر ان کا جوش اور ولولہ قابل دید تھا ۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پاسنگ آؤٹ پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج دہشت گردوں کوصفحہ ہستی سےمٹارہی ہے اور آپریشن ضرب عضب میں تاریخ رقم کررہی ہے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق آج چونتیس خواتین اہلکاروں سمیت انسداد دہشت گردی فورس کےتین سو بتیس جوانوں نے اپنی تربیت مکمل کی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے تقریب کے آخر میں پاس آؤٹ ہونےوالے جوانوں میں اسناد تقسیم کیں۔