16 مئی ، 2012
کراچی…سندھ نے پیپکو کے 2010 تک کے تمام واجبات ادا کردیئے جبکہ پنجاب اور پیپکو کے درمیان چیک کا تبادلہ آئندہ ہفتے ہوگا۔ اس طرح پیپکو اور صوبوں کے واجبات کا معاملہ حل ہوجائے گا۔ اسلام آباد میں وفاق اور چاروں صوبوں کے سیکریٹری خزانہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس پیپکو کے واجبات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سندھ نے پیپکو کو چار ارب روپے کی ادائیگی کردی ہے اور سندھ اور پیپکو کے 2010 تک تمام واجبات ختم ہوچکے ہیں۔ وزیر خزانہ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق اب پیپکو مزید 50 ارب روپے کا دعویٰ کرتا ہے جو کہ درست نہیں وہ پیپکو کی ادائیگیاں بروقت کرتے رہے ہیں۔ اجلاس کے دوران پنجاب اور پیپکو کے درمیان بھی واجبات کا تفصیہ طے پاگیا ہے جس کے مطابق پنجاب نے پیپکو کو چار ارب روپے دینا ہیں جبکہ پیپکو نے الیکٹرک سٹی ڈیوٹی کی مد میں پنجاب کے تین ارب 60 کروڑ روپے ادا کرنے ہیں اور دونوں کے درمیان چیک کا تبادلہ آئندہ ہفتے ہوجائے گا۔ پیپکو نے صارفین سے 155 ارب روپے وصول کرنے ہیں اور یہی عدم ادائیگی سرکلر ڈیٹ کی وجہ ہے۔