04 اگست ، 2015
گھوٹکی ......وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف آج گھوٹکی پہنچ کر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیں گے، نیامن لانڈھی کے مقام پر ہیلی پیڈ بھی بنا دیا گیا ہے جبکہ دریائے سندہ میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے بعد پانی کا بہاؤ شینک بند پر بڑھ گیا اور اس پر مرمتی کام تیز کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آج گھوٹکی پہنچ رہے ہیں جہاں وہ سیلابی صورتحال اور حساس قرار دیئے گئے شینک بند کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعظم کی آمد کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، قادرپور لوپ بند کے مقام نیامن لانڈھی پر ہیلی پیڈ بنایا گیا ہے۔ ادھر وزیر اعظم کی آمد کا پروگرام بننے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے شینک بند کا مرمتی کام تیز کردیا ہے۔ ٹریکٹر ٹرالیوں میں بڑی تعداد میں مٹی اور پتھر ڈال کر شینک بند پر لائے جارہے ہیں جبکہ شینک بند کو اونچا بھی کیا گیاہے، سیکڑوں کی تعداد میں مزدور کام پر لگے ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج کے جوان بھی بندوں کی نگرانی کررہے ہیں۔