پاکستان
04 اگست ، 2015

الطاف حسین کیخلاف کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے ، چوہدری نثار

الطاف حسین کیخلاف کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے ، چوہدری نثار

راولپنڈی .......وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ الطاف حسین کی تقاریر پر قانونی چارہ جوئی کے لئے ریفرنس تیار کررہے ہیں، ایم کیو ایم یا الطاف حسین سے ذاتی عداوت نہیں، عمران فاروق قتل کیس میں سابقہ حکومت نے کوئی تعاون نہیں کیا ۔راولپنڈی پولیس لائنز میں خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف کیس سیاسی نہیں عدالتی ہیں، الطاف حسین اداروں کی تضحیک کرتے ہیں تو بات خراب ہوتی ہے، اداروں کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ الطاف حسین کی تقاریر پر ریفرنس تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس حکومت نے نہیں بنایا، عمران فاروق قتل کیس کے سلسلے میں گذشتہ حکومت نے تعاون نہیں کیا، برطانوی پولیس نے ہمارے تعاون کو سراہتے ہوئے ہمیں خط لکھا، عمران فاروق قتل کیس کے کچھ تانے بانے پاکستان میں موجود تھے، لیکن جب تک برطانیہ ہمیں شواہد نہیں دے گا معاملہ آگے نہیں بڑھے گا۔ فیصل واڈا کی جانب سے لندن پولیس کو ثبوت دینے سے متعلق چوہدری نثار نے کہا کہ کیا فیصل واڈا کے پاس اپنے لیڈر سے زیادہ ثبوت ہیں۔ پی ٹی آئی کے لیڈر بنڈل کے بنڈل لے کر لندن گئے تھے، اس سلسلے میں شاہ محمود قریشی سے کہا تھا کہ برطانیہ میں جاری عدالتی کیس کو سیاسی نہ بنائیں۔چوہدری نثار نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کی کارکردگی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ اداروں کو مضبوط کرکے خوشی ہوتی ہے، پولیس کسی سیاسی جماعت کی نہیں، پاکستان کی ہے۔

مزید خبریں :