16 مئی ، 2012
شکارپور … مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام آنے والے الیکشن میں سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، وہ دن دور نہیں جب تبدیلی اور قوم میں خوشحالی آئے گی، موجودہ حکومت اور مہنگائی نے عوام کا ستیا ناس کردیا ہے۔ شکار پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ سندھ کے عوام نے کبھی نواز شریف کو ووٹ نہیں دیا لیکن مجھے آپ سے محبت ہے، مجھے دکھ ہے کہ موجودہ حکومت نے سندھ کیلئے کچھ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کا ستیا ناس کردیا ہے، صدر زرداری سندھ آکر پوچھیں کہ لوگ کیسے گزارا کررہے ہیں۔ شکار پور میں مسلم لیگ ن کے جلسے کے دوران تیز ہوائیں اور ہلکی بارش شروع ہوگئی جس پر نواز شریف نے کہا کہ میرے آنے پر باران رحمت تبدیلی کی نشانی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام آنے والے الیکشن میں سوچ سمجھ کر ووٹ دیں، وہ دن دور نہیں جب تبدیلی اور قوم میں خوشحالی آئے گی۔