کھیل
05 اگست ، 2015

وسیم اکرم پر فائرنگ کرنیوالے ملزم کی تلاش میں پولیس کے ڈیفنس میں چھاپے

وسیم اکرم پر فائرنگ کرنیوالے ملزم کی تلاش میں پولیس کے  ڈیفنس میں چھاپے

کراچی......سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم پر فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش میں ڈیفنس فیز 8 میں واقع 2 گھروں پر پولیس نے چھاپے مارے ہیں۔ پولیس ایسے گھر تک پہنچ گئی ہے جہاں وسیم اکرم کی بتائی ہوئی نمبر پلیٹ والی گاڑی موجود ہے۔ تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم نےگاڑی کا یا تو غلط نمبر نوٹ کیا ہے یا ان پر فائرنگ کرنے والے شخص کی گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی، کیوں کہ جس گاڑی کا نمبر وسیم اکرم نے بتایا ہے اس نمبر کی ایک گاڑی کافی عرصے سے مذکورہ گھر میں کھڑی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے ملزم کی تلاش ابھی جاری ہے۔ کراچی میں وسیم اکرم کو نیشنل اسٹیڈیم میں بولنگ کیمپ جاتے ہوئے راستے میں ایک گاڑی نے ٹکر ماری اور وسیم اکرم کے روکنے پر اس شخص نے وسیم اکرم کی گاڑی کے ٹائر پر فائرنگ کر دی، واقعے میں وسیم اکرم محفوظ رہے۔وسیم اکرم نے فائرنگ کرنے والے کی گاڑی کا نمبراےای جی 061 بتایا تھا ۔ پولیس کے مطابق معلومات کرنے پر گاڑی کا ماڈل 2001 ء معلوم ہوا ہے جبکہ گاڑی کی رجسٹریشن عزیراحمدکےنام سے ہے۔وسیم اکرم کا کہناتھا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی گاڑی کا نمبر پولیس کو فراہم کردیا ہے، بظاہر لگتاہے کہ یہ سرکاری افسر کی گاڑی تھی،اگروہ میرالحاظ نہیں کرسکتاتوعام آدمی کےساتھ کیا کرسکتا ہے، مجھے کوئی دھمکی نہیں دی گئی تھی۔دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی ویڈیو نکالی جارہی ہے۔

مزید خبریں :