16 مئی ، 2012
شکارپور … مسلم لیگ ن کی رہنما ماروی میمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نوازلیگ کیخلاف پروپیگنڈہ بند کرے، سندھ میں نوازشریف ہی خوشحالی لاسکتے ہیں، دوسری جانب غوث علی شاہ کا کہنا ہے کہ لیاری والوں کو ووٹ کے بدلے گولیاں ملیں۔ شکار پورکے علاقے ترائی میں سردار اظہر خان کماریو کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ماروی میمن کا کہنا تھا کہ قوم پرستوں کے ساتھ جلد مثبت لائحہ عمل طے کیا جائے گا، میاں نواز شریف نے واضح کردیا ہے کہ کالا باغ ڈیم سمیت ایسے کسی منصوبے کی حمایت نہیں کی جائے گی جس پر سندھیوں کو اعتراض ہو۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کو کرپشن اور بدحالی کے سوا کچھ نہیں دیا، سندھیوں کے ووٹ کو غلط استعمال کرنے والی پیپلزپارٹی کو آئندہ انتخابات میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر غوث علی شاہ کا کہنا تھا کہ لیاری والوں نے جنہیں ووٹ دیئے انہیں بدلے میں گولیاں ملیں لیکن اب لیاری اور کراچی سمیت پورے سندھ کے عوام کو یہ معلوم ہوچکا ہے کہ اگر سندھ کی ترقی اور عوام کی تقدیر بندلنے کی کوئی کرن ہے تو وہ نوازشریف ہے۔