16 مئی ، 2012
پشاور … خیبر پختونخوا کے گورنر مسعود کوثر نے خطے میں امن و خوشحالی کیلئے پاک افغان مراسم بہتر بنانے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کے فروغ کو ناگزیر قرار دیا ہے۔ پشاور یونیورسٹی میں پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں مسعود کوثر کا کہنا تھا کہ تجارت آج کی دنیا میں ممالک کو قریب لانے کا بہترین ذریعہ بن چکا ہے جس کے ذریعے معاشی مفادات کا دفاع کرتے ہوئے تعلقات کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان تجارت سے نہ صرف تعلقات میں بہتری آئے گی بلکہ دونوں ممالک کو فائدہ حاصل ہوگا اور اس مقصد کیلئے پشاور سے طورخم تک سڑک کو بہتر بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔