پاکستان
16 مئی ، 2012

مسلم لیگ ن نے مجھے وزیراعظم تسلیم کرلیا، یوسف رضا گیلانی

مسلم لیگ ن نے مجھے وزیراعظم تسلیم کرلیا، یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد … وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کے الیکشن میں شامل ہوکر انہیں وزیر اعظم تسلیم کر لیا ہے، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کسی کی خواہش پر نہیں ہوگی، یہ آئینی معاملہ ہے، نیٹو سپلائی کی بحالی زیر غور ہے، جب نیٹو سپلائی بحال کرینگے تو کنٹینرز کو تحفظ بھی دے لیں گے۔ وزیراعظم اسلام آباد میں پاکستان کونسل فار سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات کر رہے تھے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کیلئے اپوزیشن لیڈر کو خط لکھا تاہم انہوں نے کہا کہ آپ کو وزیرا عظم تسلیم نہیں کرتے لیکن بعد میں مان لیا اور پارلیمانی کمیٹی کے الیکشن میں شامل ہوگئے، یہ الگ بات ہے کہ الیکشن خورشید شاہ جیت گئے۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ بھارت سے 500 میگا واٹ بجلی کی درآمد کیلئے بات چیت چل رہی ہے، صوبے بھی بجلی پیدا کر سکتے ہیں، ان سے پوچھا جائے کہ ایک میگا واٹ بھی بجلی کیوں پیدا نہیں کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نہ صرف اپنی مدت پوری کریگی بلکہ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں بھی کامیاب ہو گی۔ ایک سوال پر وزیر اعظم نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کا معاملہ ابھی زیر غور ہے، جب نیٹو سپلائی بحال کرینگے تو کنٹینرز کو تحفظ بھی دے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ لیگل ٹیم کریگی۔ اس سے قبل تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سے ذہین ترین افراد کا بیرون ممالک جانا سنگین چیلنج ہے، مسلمانوں کو تحقیق و ترقی کے شعبہ میں اپنا کھویا مقام واپس حاصل کرن چاہئے۔وزیر اعظم نے سائنسدانوں کو تحقیق پر ایوارڈز بھی دیئے۔

مزید خبریں :