16 مئی ، 2012
اسلام آباد…قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہجمعیت علمائے اسلام ف نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی پارلیمانی کمیٹی میں نمائندگی تو اپوزیشن کے کوٹہ سے لی لیکن حمایت حکومت کر رہی ہے اور اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو اسپیکر سے مطالبہ کریں گے کہ اپوزیشن کی نشستوں پر براجمان حکومتی لوگوں کو فارغ کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر کے چیمبر سے جاری بیان میں چودھری نثار نے کہا کہ جے یو آئی ف فیصلہ کرے کہ وہ حکومت کے ساتھ ہے یا اپوزیشن میں ، انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جے یو آئی ف نے دوہرے معیار کا مظاہرہ کیا ہو۔انہوں نے کہا کہ اخلاقی اور آئینی طور پر صرف وہی لوگ اپوزیشن سیٹوں پر بیٹھ سکتے ہیں جو اپوزیشن سے مخلص ہوں۔چودھری نثار نے کہا کہ ہر مسئلے پر سوداگری اور ڈیل کے لے ہر وقت تیار رہنے والے کبھی اپوزیشن کا کردار نہیں نبھا سکتے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ا ندر بیٹھ کر آصف زرداری کی ایک ٹیلی فون کال پر واری ہو جانے والی سیاسی جماعت دو کشتیوں پر سوار نہ ہو اور حکومت کی اتحادی ہونے کے باجود اپوزیشن کی نمائندگی اور حیثیت کو مفلوج نہ کرے ۔