16 مئی ، 2012
پشاور … پشاور میں خیبر پختونخوا کابینہ کے خصوصی اجلاس میں بنوں جیل واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی۔ خیبرپختونخوا کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعلیٰ امیر حیدر ہوتی کی زیرصدارت پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور صوبائی وزراء بھی شریک تھے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں بنوں جیل پرحملے کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی گئی اورواقعے کے مختلف پہلووٴں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ نے بنوں جیل کے واقعے پر برہمی کا اظہار کیا۔ اجلاس میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بنوں جیل پر حملے کے وقت بیشتر پولیس اہلکار ڈیوٹی پر نہیں تھے اور سیاسی بنیادوں پر نااہل عملے کی تعیناتی اور پرانا اسلحہ حملہ روکنے میں رکاٹ بنا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر عملے کی تعیناتیاں سابق وزیر اعلیٰ اکرم درانی کے دور میں ہوئیں۔