16 مئی ، 2012
پشاور … جماعت اسلامی نے نیٹو بحالی کی صورت میں حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔ پشاور میں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم کی صدارت میں صوبائی ذمہ داران کا اجلاس ہوا، جس میں نیٹو سپلائی کی بحالی کے معاملے پر تفصیلی غور کرنے کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ صوبائی امیر پروفیسر ابراہیم کے مطابق نیٹو سپلائی کی بحالی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے، اس لئے جماعت اسلامی نیٹو کنٹینرز کو پاک افغان سرحد عبور نہیں کرنے دے گی، جبکہ نیٹو سپلائی کی بحالی کی صورت میں حکمرانوں کے خلاف فیصلہ کن تحریک شروع کی جائے گی۔ پروفیسر ابراہیم نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کرنے والے بتائیں کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کیلئے امریکا نے پارلیمنٹ کی کون سے شرائط تسلیم کی ہیں۔