16 مئی ، 2012
اسلام آباد … دوہری شہریت کے حوالے سے پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام ارکان کی جانچ پڑتال کی جائے گی، سپریم کورٹ نے سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریز کو اٹارنی جنرل سے معاونت کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 4 ارکان پارلیمنٹ کی مبینہ دوہری شہریت کے مقدمے کی سماعت کی۔ اٹارنی جنرل عرفان قادر نے کہاکہ سب سے برابری کی بنیاد پر سلوک ہونا چاہئے، صرف 4 افراد کو ہی نہیں، پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام ارکان کی شہریت کا معاملہ دیکھا جائے، وہ معاونت کو تیار ہیں۔ عدالت نے سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے سیکریٹریز کو اٹارنی جنرل سے معاونت کی ہدایت کردی۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کے وکیل نے عدالت کو بتایاکہ ان کے موٴکل کی طرف سے برطانوی شہریت چھوڑ دینے کا سرٹی فکیٹ ابھی نہیں آسکا ہے۔ رکن قومی اسمبلی فرح ناز اصفہانی کے وکیل وسیم سجاد نے جواب جمع کرانے کے لئے مہلت مانگ لی۔ عدالت نے رحمان ملک اور رکن قومی اسمبلی زاہد اقبال کی شہریت سے متعلق برطانوی فارم اور فیس کی رسید طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔