11 اگست ، 2015
اسلام آباد......دفتر خارجہ نے بھارتی فوج کی جانب سے ایل ا و سی اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیوں پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت امن کی بحالی کے لیے اقدامات کرے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 8 اگست کو بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی کے گاؤں ندھیری میں بلااشتعال فائرنگ کی جس سے زخمی ہونے والی فریدہ بی بی 11 اگست کو جاں بحق ہوگئی، واقعے کے خلاف دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے نکیال،بھمبر گلی اور کوٹلی سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی اور احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فورسز نے جولائی میں 33 اور اگست میں 24 بار لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزیاں کیں ۔ دفتر خارجہ نے ایک اور بیان میں کہا ہے کہ پاکستان فی الحال پاک بھارت قومی سلامتی مشیروں کی ملاقات کی تاریخوں پر غور کر رہا ہے، ملاقات میں کن امور پر بات ہو گی، یہ کہنا قبل از وقت ہو گا۔