11 اگست ، 2015
اسلام آباد.......قائدتحریک نفاذ فقہ جعفریہ آغا سیدحامد علی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ پر امن پاکستان کی جانب پیشرفت کی خاطر حکمرانوں اور سیاستدانوں سمیت پوری قوم کو دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پا ک فوج کے شانہ بشانہ دشمن کے مقابلے میں صف آرا ہونا ہو گا تاکہ وطن عزیز کی نظریاتی اساس کے تحفظ اور اسلام کے حقیقی تشخص کو اجاگر کر کے مشترکہ دشمن کی ناپاک سازش کو ناکام بنایا جا سکے ، خانوادہِ رسالت ؐ کے چھٹے تاجدار ولایت حضرت امام جعفر صادق ؑ علم ومعرفت کا خزینہ اورحق و صداقت کا مرکز و محور تھے جن کی سیرت و کردار کی پیروی کر کے انسانیت کو ہر قسم کے دکھو ں اور رنج و الم سے پاک کیا جا سکتا ہے ۔یہ بات انہوںنے منگل کو عالمی عشرہ ِصادقِ آلِ محمدؐ کے اختتام پرمرکزی جلوس تابو ت میں شرکت اور ماتمی احتجاجی مظاہرے کی قیادت کے موقع پر عزاداروں اور علماء سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے واضح کیا کہ ہم سب کی بقا دین ِمحمدیؐ اور پاکستان سے وابستہ ہے یہ وطن ہے تو ہم ہیں ،ہماری تمام تر جد وجہد کا منبع و سر چشمہ پاکستان کی بقا و استحکام ہے لہذا تمام محب دین و وطن قوتوں پر لازم ہے کہ وہ بھارت کے عیارانہ و مکارانہ ہتھکنڈوں اور اشتعال انگیزیوں کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے سیسہ پلائی ہو ئی دیوار بن جائیں ۔