پاکستان
13 اگست ، 2015

ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد آئیں گے

ایرانی وزیر خارجہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد آئیں گے

اسلام آباد .......ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف پاکستان کے ایک روزہ سرکاری دورے پر کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ ان کے دورے کا مقصد ایران کے حالیہ ایٹمی معاہدے پر پاکستان کو اعتماد میں لینا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اپنے دورۂ پاکستان کے دوران وزیر اعظم نواز شریف اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقاتیں کریں گے۔ مشیر خارجہ سے ایرانی وزیر خارجہ وفود کی سطح مذاکرات کریں گے۔جواد ظریف پاکستانی وفد کو 14 جولائی 2015ءکو ویانا میں ایران کے 5 ایٹمی طاقتوں اور جرمنی کے ساتھ ایرانی جوہری پروگرام پر طے پانے والے معاہدے پر بریفنگ دیں گے۔ ان مذاکرات میں پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے، دو طرفہ امور، افغانستان اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، ایران اور فائیوپلس گروپ کے درمیان ویانا معاہدے نے پاکستان سمیت تما م دوست ممالک سے ایران کی تجارت اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کی راہ ہموار کر دی ہے۔پاکستان نے ویانا معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے علاقائی امن و سلامتی پر اچھے اور مثبت اثرات پڑیں گے۔ عالمی پابندیوں کے خاتمے سے ایران کو علاقائی اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل ہوگی جس سے پاکستان سمیت مختلف ممالک کو فائدہ ہوگا، ایران پاکستان کو 3ہزار میگاواٹ بجلی بھی فراہم کر سکے گا، ایران اس وقت بھی بلوچستان کے سرحدی علاقوں کے لیے 76میگاواٹ بجلی فراہم کر رہا ہے جبکہ اس نے پاکستان کی سرحد تک گیس پائپ لائن بھی بچھا رکھی ہے، پاکستان کے حصے کا کام ابھی باقی ہے۔ عالمی پابندیاں اٹھنے کے بعد پہلے مرحلے میں پاک ایران تجارت 5 ارب ڈالر تک بڑھنے کی توقع ہے۔

مزید خبریں :