پاکستان
16 اگست ، 2015

نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کل حلف لیں گے

نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کل حلف لیں گے

اسلام آباد.........نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کل اپنے عہدے کا حلف لیں گے ۔ وہ صرف 23دن اس عہدے پر فائز رہیں گےاور 9ستمبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔عدلیہ کی آزادی پر غیر متزلزل یقین رکھنے والے نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ 10دسمبر 1950 کو وزیر آباد میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے 1971میں ایف سی کالج لاہور سے گریجوایشن کی۔ 1973 میں پنجاب یونیورسٹی لاء کالج سے ایل ایل بی کیا ۔ 1975 میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا برکلے سے ایل ایل ایم کی ڈگری حاصل کی ۔ 1975میں لاہور ہائی کورٹ میں وکالت شروع کی۔ 1985میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے وکیل بنے ۔جسٹس جواد ایس خواجہ 1999میں لاہور ہائی کورٹ کے جج بنے ۔ انہوں نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کو 9 مارچ 2007 کو عہدے سے معطل کرنے پر احتجاجاً ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے 21اپریل کو استعفا دے دیا اور لاہور کالج آف مینجمنٹ سائنسز میں بطور پروفیسر آف لاء شعبہ تعلیم سے منسلک ہو گئے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ 5 جون 2009 کو سپریم کورٹ کا جج بننے تک لمز میں قانون کی تعلیم دیتے رہے ۔جسٹس جواد خواجہ این آر او ، جنرل پرویز مشرف کے 3 نومبر 2007کے اقدامات کو غیر آئینی قرار دینے ، آئین توڑنے پر ان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ چلانے سمیت کئی اہم فیصلے دینے میں شامل رہے ۔ جسٹس جواد ایس خواجہ سپریم کورٹ کے ان 6 ججز میں شامل ہیں جنہوں نے فوجی عدالتوں کے قیام کی اکیسویں آئینی ترمیم بحال رکھنے کے فیصلے میں اختلافی نوٹ بھی لکھا۔

مزید خبریں :