16 اگست ، 2015
ہری پور........ہری پور کے حلقے این اے 19 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، 30 پولنگ اسٹیشنوں میں پہلی بار ووٹرز کی شناخت کیلئے تجرباتی طور پر بائیو میٹرک مشین استعمال کی جارہی ہیں ۔اس حلقے میں ن لیگ کے بابر نواز اور پی ٹی آئی کے راجا عامر زمان میں کانٹے کا مقابلہ ہے۔حلقے کے پانچ سو تیرہ میں سے بیالیس پولنگ اسٹیشنز کوحساس ترین قرار دیا گیا ہے، جہاں پولیس کے ساتھ فوجی دستے بھی تعینات ہیں، جبکہ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ ستتر ہزار چارسو اسی ہے۔ 2013 کے عام انتخابات میں یہاں سے تحریک انصاف کے راجہ عامر زمان کامیاب ہوئے تھے، 7 پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ انتخاب کے بعد نون لیگ کے عمرایوب کامیاب قرار پائے، تاہم سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی جانب سے دھاندلی کی درخواست کے بعد عدالت نے حلقے میں دوبارہ الیکشن کروانے کا حکم دیا تھا۔