16 اگست ، 2015
لاہور........پنجاب کےوزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نےوزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی شہادت پر صوبے میں3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، اس دوران قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناہےکہ کرنل ریٹائرڈشجاع خانزادہ کی شہادت سےملک ایک سچےپاکستانی اور وطن پرجاں نچھاورکرنےوالےسیاست دان سےمحروم ہو گیا، وہ اس صدمےکو الفاظ میں بیان کرنےسے قاصر ہیں،شجاع خانزادہ ان کے عزیزساتھی تھے۔ محمدشہباز شریف نےکہاکہ شجاع خانزادہ نےدہشت گردی کےخلاف جنگ میں گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان کاکہنا تھاکہ قوم شجاع خانزادہ کی خدمات کبھی فراموش نہیں کر سکے گی،وہ دیانت ،محنت اور جرأت کےاعتبار سے اپنی مثال آپ تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، سفاک قاتل عبرتناک انجام سے بچ نہیں سکیں گے۔