پاکستان
16 اگست ، 2015

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اٹک خودکش حملے کی مذمت

سیاسی رہنماؤں کی جانب سے اٹک خودکش حملے کی مذمت

اسلام آباد.......خودکش حملے میں پنجاب کے وزیرداخلہ کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کی شہادت نے پوری قوم کو دہشت گردوں کے خلاف متحد کردیا ہے ۔ سیاسی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہےگی ۔ وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے، ریاست کے دشمنوں کے خلاف جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ قوم کی بھرپور حمایت سے دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا، اتحاد سے ہی انسانیت اور ملک کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی خان نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت ضروررنگ لائے گی اورملک میں مکمل امن آئے گا۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ی اورانتہاپسندی کوجڑسے اکھاڑپھینکنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل کرناہوگا۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق اور سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے دھماکے کی سخت مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خودکش حملے کی سخت مذمت کی ۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف کھڑی ہے ، یہ بزدلانہ حملے قوم کے بلند حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے ۔ جمعیت علمائَے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ، چیئرمین پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب خان ، وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا پرویز خٹک ، سربراہ سنی تحریک ثروت اعجاز قادری ، سربراہ قومی عوامی تحریک ایازلطیف پلیجو ، مذہبی اسکالر علامہ طاہر اشرفی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی اٹک خودکش حملے کی مذمت کی ہے۔ گورنرپنجاب رفیق رجوانہ نےجیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجاع خانزادہ دلیر آدمی تھے، دہشت گردی پرقابو پانے کے لئے شجاع خانزادہ نے اہم کردار ادا کیا۔

مزید خبریں :