پاکستان
16 اگست ، 2015

اٹک: خودکش حملے میں کرنل شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد شہید

اٹک: خودکش حملے میں کرنل شجاع خانزادہ سمیت 19 افراد شہید

اٹک.......دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے اور آج اس جنگ میں ایک اور بہادر سپاہی وطن پر قربان ہوگیا، اٹک کے گاؤں شادی خان میں کیے گئے خودکش حملے میں پنجاب کے وزیر داخلہ کرنل شجاع خانزادہ سمیت انیس افراد شہید اور کئی زخمی ہوگئے،وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملہ ہوا، حملے کے وقت شجاع خانزادہ نے کھلی کچہری لگائی ہو ئی تھی، آئی جی پنجاب کے مطابق بظاہر دو خودکش دھماکے ہوئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک خودکش حملہ آور اٹک کے گاؤں شادی خان میں واقع ڈیرے کے سامنے کے دروازے سے اندر پہنچااور کرنل ریٹائر شجاع خانزادہ کے قریب جا کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا،جبکہ دوسرے خودکش حملہ آور نے ڈیرے کی پچھلی سڑک پردھماکا کیا ،جہاں قریب کھڑی گائے کے لوتھڑے سو فٹ دورجا گرے۔ دھماکوں سے پچھلی دیوار گرگئی جس کے باعث ڈیرے کی چھت گرگئی اور ڈیرے میں موجود پچیس سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے۔ حملے میں ڈی ایس پی حضرو، شوکت شاہ بھی شہید ہوئے، واقعے کے بعد ریسکیوٹیمیں اور پاک آرمی کی کوئیک ری ایکشن ٹیم ڈیرے پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، ملبہ ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا بھی استعمال کیاگیا۔کچھ گھنٹوں کےبعد شجاع خانزادہ کی لاش ملبے سے نکالی گئی جس کی شناخت اہل خانہ نے کی،حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ،جہاں زخمیوں کوابتدائی طبی امداد دی گئی ،کچھ شدید زخمیوں کو راولپنڈی بھی منتقل کیا گیا۔

مزید خبریں :