پاکستان
16 اگست ، 2015

بھارتی دفتر خارجہ کی پاکستانی ہائی کمشنر کو بلا کر الزام تراشیاں

بھارتی دفتر خارجہ کی پاکستانی ہائی کمشنر کو بلا کر الزام تراشیاں

نئی دلی........سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بھارت کی جانب سے الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے ۔ بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا اور کہا کہ پاکستان آرمی کو لائن آف کنٹرول اور بائونڈری پر امن کو نقصان نہیں پہنچانا چاہئے جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت حالیہ دنوں میں 70 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے سیکریٹری ایسٹ انیل وادھوا wadhwa نے پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کو طلب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کو لائن آف کنٹرول پر امن کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔ انیل وادھوا نے دعویٰ کیا کہ پاک فوج کی جانب سے مبینہ طور پر 8 اگست سے سیز فائر کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، یہ معاملہ کئی مواقع پر ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشن کی سطح پر اٹھایا گیا ۔ پاکستانی فوج کی طرف سے یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں کہ فائرنگ رک جائے گی اور پاکستانی فوجیوں کو اس بارے میں ہدایات جاری کردی جائیں گی لیکن فائرنگ کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے، حالیہ دنوں میں بھارت 70 مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔

مزید خبریں :