16 اگست ، 2015
قصور.......بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد دریائے ستلج میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے،ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ۔ دریائے ستلج میں قصور کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ، درجنوں دیہات اور فصلیں زیر آب آچکیں جبکہ پانی کی سطح اب بھی مسلسل بلند ہو رہی ہے، تلوار پوسٹ اور ہیڈ گنڈاسنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہائو 61 ہزارکیوسک ہو گیا ہے۔ محکمہ آبپاشی پنجاب کے مطابق پانی کا اخراج 70ہزار کیوسک سے زائد ہو نے کا امکان ہے،ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی ایمرجنسی کےلیے تمام انتظامات کر رکھے ہیں۔ ستلج میں سیلابی ریلے سے درجنوں دیہات حاکو والا واڑہ، نگر، گٹی کلنجر، مبوکے، بھیکی ونڈ سہجرہ ،رتنے والااورچندا سنگھ ،مستے کی اور بستی بنگلہ دیش میں ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، لوگوں نے محفوظ مقامات کو نقل مکانی شروع کر دی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق قصور میں سیلاب زدگان کیلئےچودہ مقامات پر ریلیف کیمپ قائم ہیں ،ممکنہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔