16 اگست ، 2015
کراچی.......ملک میں حج فلائٹ آپریشن کا آج سے آغاز ہوگیا۔ کراچی ایر پورٹ سے نجی ایر لائنز کی 3 پروازیں 790 عازمین حج کو لے کرسعودی عرب روانہ ہوگئیں۔ حج کے مقدس فریضے کی ادائیگی کے لئے عازمین کی روانگی کا سلسلہ شرو ع ہوچکا ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے نجی ایئرلائن کی 3 پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئیں۔وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و حج سردار یوسف نے عازمین حج کو الوداع کہا۔اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ اس سال 1 لاکھ43ہزار368 پاکستانی حج ادا کریں گے۔حج پر جانے والے افراد نے حکومت کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان بھر سے 295 پروازوں کے ذریعے عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔ پشاور سے پہلی حج پرواز آج رات گیارہ بجے باچا خان انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جدہ روانہ ہوگی۔ پشاور سے حج آپریشن 45 سرکاری و نجی پروازوں پر مشتمل ہوگا۔اسلام آبادسے پہلی حج پرواز 18 اگست کو بے نظیر بھٹو انٹر نیشنل ایرپورٹ سے جائے گی۔ لاہور سے حجاج کی حجاز مقدس روانگی کا سلسلہ پیر سے پی آئی اے کی پرواز سے شرو ع ہوگا جو صبح 5 بجے 300 حاجیوں کو لے کر روانہ ہوگی۔بلوچستان سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلیے عازمین حج کی سعودی عرب روانگی انیس اگست سے شروع ہوگی۔اس سال حج آپریشن 16 ستمبر تک جاری رہے گا۔