17 مئی ، 2012
اقوام متحدہ… لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی نے لیبیا کی حکومت کی طرف سے وکیل فراہم کرنے کی پیشکش مسترد کردی۔ اقوام متحدہ میں لیبیا کے نائب سفیر ابراہیم دباشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ سیف الاسلام قذافی سے ان کے والد معمر قذافی کے خلاف بغاوت کو کچلنے کی کوشش کے دوران مخالفین پر تشدد اور ان کے قتل کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔ لیبیا کے سفیر نے مزید بتایا کہ سیف الاسلام کو لیبیا کی نئی حکومت کی طرف سے وکیل صفائی فراہم کرنے کی پیشکش کی گئی ہے لیکن وہ اس پیشکش کو قبول کرنے میں مسلسل انکار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے سرکاری خرچ پر سیف الاسلام قذافی کو وکیل فراہم کرنے کی پیشکش برقرار ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ لیبیا کے قانون کے مطابق کسی بھی ملزم کے مقدمہ کا فیصلہ اس کے وکیل صفائی کی طرف سے دلائل کے بغیر نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ قبل ازیں سیف الاسلام قذافی کے وکیل نے اپنے موکل پر قید کے دوران جسمانی تشدد اور طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کے الزامات عائد کئے تھے۔