17 مئی ، 2012
لندن… برطانیہ میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور مستقل ملازمتوں کے مواقع دستیاب نہ ہونے کے باعث مردوں کی ایک بڑی تعداد پارٹ ٹائم ملازمت کرنے پر مجبور ہوگئی ہے اور پچھلے چار سال کے عرصے میں پارٹ ٹائم ملازمت کرنے والے افراد کی تعداد 6لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ برطانوی اخبار ”ڈیلی میل“ میں شائع رپورٹ کے مطابق سال 2007میں پارٹ ٹائم ملازمت کرنے والے افراد کی تعداد 293000تھی جو سال 2012ء میں بڑھ کر 600000تک پہنچ گئی ہے جس سے 2007ء کے مقابلے میں دگنا اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 1992ء کے بعد پارٹ ٹائم ملازمت کرنے والے افراد کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔ ٹریڈ یونین کانگریس نے رپورٹ میں مزید کہا کہ مشرقی برطانیہ میں رہنے والے افراد کو پچھلے 4برسوں کے دوران بڑے پیمانے پر بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑا اور مستقل ملازمت نہ ہونے کے باعث وہ پارٹ ٹائم ملازمت کرنے پر مجبور ہوگئے۔ اسی طرح شمال مشرقی، شمالی آئرلینڈ اور لندن میں بھی بے روزگاری کے باعث لوگوں کی بڑی تعداد پارٹ ٹائم ملازمت کرنے پر مجبور ہے۔