23 اگست ، 2015
تہران.......برطانیہ اور ایران کے سفارتی تعلقات چارسال بعد بحال ہوگئے ، ایران میں برطانوی سفارتخانہ کھول دیا گيا ہے۔ جوہری پروگرام پر عالمی طاقتوں سے معاہدے کے بعد اب ایران سے عالمی برادری کے تعلقات میں بہتری کے آثار نظر آنے لگے ہیں ، برطانیہ نے بھی چار سال بعد ایران سے سفارتی تعلقات باضابطہ طورپر بحال کرلیے ہیں ، آج ایران میں برطانوی سفارتخانہ کھول دیا گیا ہے ، برطانیہ نے چار سال بعد ایران میں سفارتخانہ کھولا ہے اور سفارتخانہ کھولے جانے کی تقریب میں برطانوی وزیر خارجہ بھی شریک تھے ، برطانیہ اور ایران کے سفارتی تعلقات دو ہزار گیارہ میں اس وقت کشیدہ ہوگئے تھے جب برطانیہ نے ایران پر پابندیاں لگائیں تو جواب میں ایران نے برطانوی سفیر کو اپنے ملک سے نکال دیا۔ اب ایران برطانیہ تعلقات میں بہتری تب آئی ہے جب گزشتہ ماہ چھ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری تنازع پر معاہدہ طے پاگیا، جس کے تحت ایران ایٹمی پروگرام محدود کردے گا اور عالمی طاقتیں اس پر عائد اقتصادی پابندیاں اٹھالیں گے۔