23 اگست ، 2015
کراچی.......کراچی سپر ہائی وے پر ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ سے قبل قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی سج گئی ہے ، ملک بھر سے جانوروں سے لدے ٹرک مویشی منڈی پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔ بچے اور بڑے سب ہوجائیں تیار،جی ہاں سپر ہائی وے کے قریب ایک نیا شہر آباد ہونا شروع ہوگیا ہے ۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید الاضحیٰ سے یہاں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگنا شروع ہوگئی ہے۔ سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے کم و بیش 1000ایکڑ رقبے پر محیط مویشی منڈی میں وی آئی پی پنڈالزسمیت 20 سے زائد بلاکس بنائے گئے ہیں ۔ ملک بھر سے بیو پاری اپنے جانوروں کو یہاں لارہے ہیں۔جانوروں کے آتے ہی عوام بھی ہفتہ وار تعطیل پر کھنچی چلی آرہی ہے۔مویشی منڈی میں روایتی رونق بحال ہونے میں کچھ دن درکار ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی قیمت پر عوام کا رد عمل ملا جلا ہے۔ دوسری جانب یہ منڈی کسی تفریح گاہ سے کم نہیں ۔منڈی انتظامیہ کے مطابق بیوپاریوں اور خریداروں کے تحفظ کیلئے مویشی منڈی میں تمام سہولیات سمیت سیکورٹی کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔