23 اگست ، 2015
اسلام آباد.......چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ٹریبونل کافیصلہ پی ٹی آئی کے مطالبات کی حمایت کرتا ہے، الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان اور چیئرمین نادرا فوری طور پر استعفے دیں، ایاز صادق سے ذاتی مسئلہ نہیں، نظام کو ٹھیک کرانا چاہتے ہیں۔ پارٹی رہنمائوں سے مشاورت کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ نادرا کے چیئرمین کی سپلیمینٹری رپورٹ ن لیگ کو بچانے کی کوشش تھی، تحریک انصاف کا مطالبہ ہے کہ چیئرمین نادرا اور الیکشن کمیشن کے صوبائی ارکان استعفے دیں۔عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی مجرمانہ غفلت ہے، تمام سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کی شکایت کی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ این اے ایک سو بائیس سے وہ نہیں، کوئی اور امیدوار الیکشن لڑے گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایاز صادق سے کوئی ذاتی رنجش نہیں، وہ اسکول کے ساتھی تھے تاہم انتخابات میں دھاندلی کی وجہ سے ان کے خلاف الیکشن ٹریبونل سے رجوع کیا۔